جھابوا،مدھیہ پردیش ، 20 ستمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس)ضلع میں ہو رہی مسلسل بارش کی وجہ سے کلیاپورا تھانہ علاقے کے ڈھیبربڑی گرام میں گذشتہ رات ایک کچے مکان کے گرنے سے ایک ہی خاندان کے 4 بچوں سمیت 6 افراد کی موت ہو گئی۔پولیس سپرنٹنڈنٹ سنجے تیواری نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں کی شناخت مکیش بھابور(32) اس کی بیوی روکمبای(30)اور ان کے چاربچے کماری بوڈی( 8)کماری بچی(4) کماری سارنگی(2 )اور بیٹے فتح (6)کے طور پر ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ صبح گاؤں والوں کی اطلاع پر مکان کا ملبہ ہٹا کر مرنے والوں کی لاشیں نکالی گئیں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے ضلع ہسپتال بھیجا گیا ہے۔ضلع کلکٹر برکت سکسینہ نے جائے حادثہ کا دورہ کرنے کے بعد حادثے کو بدقسمتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ مکیش کی ماں کو گجرات سے لانے کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو اصولوں کے مطابق معاوضہ دیا جائے گا۔